لاہور:(دنیا نیوز)قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ میرے اور رضوان پر ذمہ داری ہے،میں اور محمد رضوان ٹی 20ورلڈ کپ میں اوپننگ کریں گے ۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ بھارت کے خلاف میچ اور ورلڈ کپ جیتنا چاہتے ہیں، جو ٹیم بھی اچھا پریشر ہینڈل کرے گی وہ جیتے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام کھلاڑی پرفارم کر کے ٹیم میں آئے ہیں، سینئر کھلاڑیوں کے تجربے سے ٹیم کو فائدہ ہو گا، جونئیر اور سینئرز کو ساتھ لے کر چلیں گے جبکہ میرے اور رضوان پر ذمہ داری ہے۔
بابراعظم کا کہنا تھا کہ پلان کر کے میچ میں جاتے ہیں، محمد حفیظ اور شعیب ملک میچ ونرز ہیں جبکہ ہمارا پلان یہی ہے کہ میں اور رضوان اوپننگ کریں۔
کپتان قومی ٹیم نے کہا کہ پریکٹس میں جلد آؤٹ ہو جانے کا یہ مقصد نہیں کہ کھلاڑی فارم میں نہیں ہیں، مجھے تمام کھلاڑیوں پر یقین ہے کہ یہ سب کھلاڑی میچ ونر ہیں۔
اپنی پریس کانفرنس میں کوچز کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ فلینڈر اور ہیڈن کا بہت تجربہ ہے، فلینڈر اپنا تجربہ شئیر کر رہے ہیں جبکہ ہماری ٹیم نے یو اے ای میں کافی کرکٹ کھیلی ہوئی ہے، بھارت کے خلاف میچ کے ساتھ ساتھ ورلڈ کپ جیتنا چاہتے ہیں اور جو ٹیم بھی اچھا پریشر ہینڈل کرے گی وہ جیتے گی۔
واضح رہے کہ ٹی 20ورلڈ کپ کا آغاز 17اکتوبر سے عمان اور یو اے ای میں ہورہا ہے جبکہ پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ 24اکتوبر کو بھارت کے خلاف کھیلے گی۔