بری نیت سے ٹیم کیخلاف باتیں کرنیوالوں کو اللہ ذلیل کرے گا: محمد رضوان

Published On 21 September,2022 10:13 am

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے کہا ہےکہ اگر کھلاڑی 100 فیصد نہیں دے گا تو اللہ اسے ذلیل کرے گا اور جو لوگ بری نیت سے ٹیم کے لیے بات کر رہے ہیں اللہ انہیں بھی ذلیل کرے گا۔

پہلے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد رضوان نے کہا کہ ابھی یہ پہلا میچ ہے، دیگر مقابلے باقی ہیں، سب کو پتہ ہے کہ ہم ٹیم کچھ تبدیلیاں کر رہے ہیں، تبدیلیاں کرتے ہیں تو غلطی تو ہوگی، ورلڈکپ کے لیے کامبی نیشن بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔

نہوں نے کہا کہ میں اگر آف سٹمپ کی گیند کو لیگ سٹمپ پرمارسکتا ہوں تو کوئی مسئلہ نہیں، جو لوگ میرے آف اسٹمپ کی بات کررہے ہیں اللہ انہیں جزائے خیر دے، مجھے آف اسٹمپ پر کھیلنے کی ضرورت نہیں، نہ جانے کیوں میری فٹنس کے حوالے سے بات کی جارہی ہیں، میں تو فٹ ہو ابھی بھی 2,3 دوڑیں لگا لوں گا۔

محمد رضوان نے کہا کہ مانتا ہوں کہ ہم ڈاٹ بال زیادہ کھیل رہے ہیں، اس مسئلے پر کام کر رہے ہیں، جس مشکل میں ہم کھیل رہے ہیں سامنے والی اننگز کو بھی دیکھیں، ففٹی جڑنے والے انگلینڈ کے ایلکس کی مثال سامنے ہے، مجھے یہ نہیں پتہ لوگ ہمارے لیے کیا بات کررہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میرے اور کپتان کے سٹرائیک ریٹ پر جو لوگ بات کررہے رہیں اللہ انہیں جزائے خیردے، اگرکھلاڑی گراؤنڈ میں100فیصد نہیں دے گا، اللہ انہیں ذلیل کرےگا، جو لوگ بری نیت سے ٹیم کے لیے بات کر رہے ہیں اللہ انہیں بھی ذلیل کرے گا۔

 

Advertisement