لاہور:(ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ٹی 20 رینکنگ میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی مزید تنزلی ہوگئی جبکہ بھارتی بیٹر سوریا کمار یادیو نے تیسری پوزیشن پر قبضہ جما لیا۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین ٹی 20 رینکنگ کے مطابق پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے اپنی پہلی پوزیشن مزید مضبوط بنالی ہے، وہ 825 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہیں۔
جنوبی افریقہ کے ایڈن مرکرم 792 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، بھارت کے سوریا کمار یادیو 780 کے ساتھ تیسرے جبکہ بابر اعظم 771 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہیں، انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان کا 725 پوائنٹس کے ساتھ پانچواں نمبر ہے۔
آسٹریلیا کے ایرون فنچ چھٹے، نیوزی لینڈ کے ڈیون کانوے ساتویں، سری لنکا کے پاتھم نیسانکا آٹھویں، متحدہ عرب امارات کے محمد وسیم نویں اور جنوبی افریقہ کے ریزا ہینڈرکس دسویں نمبر پر موجود ہیں۔
باؤلرز/ آل راؤنڈرز رینکنگ
ٹی 20 باؤلرز میں آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ کی پہلی پوزیشن برقرار ہے، جنوبی افریقہ کے تبریز شمسی کی دوسری اور انگلینڈ کے عادل رشید کی تیسری پوزیشن ہے۔
آل راؤنڈرز میں شکیب الحسن کا پہلا نمبر ہے۔