محمد نواز آپ میچ ونر، گرنا نہیں، سر نہیں جھکانا، بابر کی آل راؤنڈر کی حوصلہ افزائی

Published On 23 October,2022 06:50 pm

میلبرن: (دنیا نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ ویرات کوہلی نے پریشر کو اچھا ہینڈل کیا، غلطیوں سے سبق سیکھیں گے، قریب آکر میچ ہارتے ہیں تو دکھ ہوتا ہے۔

بھارت سے ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچ میں شکست کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم کا کہنا تھا کہ کوہلی کی اننگز نے میچ میں کافی فرق ڈالا، پر اعتماد ہوں کہ ہم ٹورنامنٹ میں کم بیک کریں گے، وکٹیں لینا چاہ رہے تھے اس لئے مین باؤلر پہلے استعمال کئے، نواز نے بھی اچھی باؤلنگ کی۔

کپتان کا مزید کہنا تھا کہ نواز کے آخری اوور میں ایک نو بال اور وائیڈ ہوگیا، شاہین انجری کے بعد آیا اس کو تھوڑا وقت دیں، بھارت نے میچ میں اچھی کرکٹ کھیلی۔ 

بھارت سے میچ کے بعد ٹیم میٹنگ میں کوچ میتھیو ہیڈن، ثقلین مشتاق اور کپتان بابر اعظم نے کھلاڑیوں کا حوصلہ بلند کیا۔

بابر اعظم نے کہا کہ بہت اچھا میچ ہوا، ہم نے بہت کوشش کی، ہم سے کچھ غلطیاں ہوئیں، انہیں دور کرنا ہے، کسی کو شکست کا ذمہ دار قرار نہیں دینا، ہم بطور ٹیم ہارے ہیں، ہم نے بہت اچھی پرفارمنسز دی ہیں، آئندہ بھی دیں گے۔

کپتان نے محمد نواز سے مخاطب ہوتے ہوئے اردو سے پنجابی کا سہارا لیا اور کہا کہ محمد نواز آپ نے گرنا نہیں، سر نہیں جھکانا، آپ میچ وِنر ہیں، پریشر والا اوور تھا، آپ آخر تک لے کر گئے، بہت اچھے، ابھی ٹورنامنٹ شروع ہوا ہے، یہاں کی ناکامی یہاں چھوڑ کر جانی ہے، بھلانی ہے۔

Advertisement