لاہور: ( ویب ڈیسک ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ٹی 20 رینکنگ میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم ایک درجہ تنزلی کے بعد چوتھے نمبر پر پہنچ گئے جبکہ محمد رضوان کی دوسری پوزیشن برقرار ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ تازہ رینکنگ کے مطابق پاکستان کے کپتان بابر اعظم ایک درجہ تنزلی ہوئی ہے، بلے بازوں کی فہرست میں بھارت کے سوریا کمار یادیو کی پہلی پوزیشن برقرار ہے جبکہ نیوزی لینڈ کے ڈیوون کونوے تیسرے نمبر پر آگئے۔
جنوبی افریقا کے ایڈن مارکرم کی پانچویں اور انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان کی چھٹی پوزیشن برقرار ہے جبکہ نیوزی لینڈ کے گلین فلپس دو درجے ترقی کے بعد ساتویں نمبر پر آ گئے۔
درجہ بندی میں جنوبی افریقا کے رائلی روسو اور آسٹریلیا کے ایرون فنچ ایک ایک درجے تنزلی سے بالترتیب آٹھویں اور نویں پوزیشن پر چلے گئے جبکہ سری لنکا کے پاتھم نیسانکا کی دسویں پوزیشن برقرار ہے، انگلینڈ کے الیکس ہیلز اور جوز بٹلر ایک ایک درجے ترقی سے بالترتیب گیارہوں اور بارہویں نمبر پر آ گئے۔
باؤلرز رینکنگ
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ رینکنگ کے مطابق باؤلرز اور آل راؤنڈرز کی ٹاپ ٹین فہرست میں کوئی تبدیلی واقع نہیں ہوئی ہے، سری لنکا کے وانندو ہسارنگا پہلی، افغانستان کے راشد خان دوسری، انگلینڈ کے عادل رشید تیسری، آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ چوتھی اور انگلینڈ کے سیم کرن پانچویں پوزیشن پر براجمان ہیں، جنوبی افریقا کے تبریز شمسی، آسٹریلیا کے ایڈم زمپا، افغانستان کے مجیب الرحمان، جنوبی افریقا کے اینرچ نورکیا اور سری لنکا کے مہیش تھیکشانا بالترتیب چھٹی سے دسویں پوزیشن پر موجود ہیں۔
آل راؤنڈرز رینکنگ
درجہ بندی میں آل راؤنڈرز کی فہرست میں بنگلا دیش کے شکیب الحسن پہلی، افغانستان کے محمد نبی دوسری جبکہ بھارت کے ہاردیک پانڈیا تیسری پوزیشن پر موجود ہیں۔
ٹیم رینکنگ
دوسری جانب ٹیم رینکنگ میں بھارت پہلے، انگلینڈ دوسرے، پاکستان تیسرے، جنوبی افریقا چوتھے جبکہ نیوزی لینڈ پانچویں نمبر پر موجود ہے۔