باؤلرز کو ٹھیک وقت میں استعمال کرنے کا فائدہ ہوا : شاہین آفریدی

Published On 14 February,2023 02:41 am

لاہور : ( ویب ڈیسک ) پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) کے آٹھویں ایڈیشن کے افتتاحی میچ کی فاتح ٹیم لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ ہم نے اپنے باؤلرز کو ٹھیک وقت میں استعمال کیا جس سے فائدہ ہوا۔

پی ایس ایل کے افتتاحی میچ میں کامیابی کے بعد کپتان لاہور قلندرز کا کہنا تھا کہ طاہر کا پہلا میچ تھا ، اس نے اچھی بیٹنگ کی جبکہ فخر زمان نے بھی بلاشبہ اچھی بیٹنگ کی ہے، آخری اوور میں بہترین اختتام کا کریڈٹ زمان کو دیتا ہوں۔

شاہین نے مزید کہا کہ ہماری طرف سے فیلڈنگ میں کچھ مسائل ہیں جنہیں آئندہ میچز میں دور کرنے کی کوشش کریں گے۔

پلیئر آف دی میچ فخر زمان کا کہنا تھا کہ شروع میں وکٹ ہماری توقعات کے مطابق نہیں تھی، ابتدائی اوورز کے بعد جب گیند اچھی طرح بلے پر آئی تو رنز بنائے۔

دوسری جانب ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ جس طرح ہم آغاز میں بیٹنگ کر رہے تھے لگ رہا تھا  سکور کر لیں گے لیکن قلندرز نے اچھی باؤلنگ کی جس طرح سے ان کی باؤلنگ مشہور ہے۔

Advertisement