کراچی: (ویب ڈیسک) اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے کہا کہ ہم پی ایس ایل 8 کی تیاری کیلئے طویل تربیتی کیمپ تو نہیں لگا سکتے تھے مگر تمام کھلاڑی چیلنج کیلئے تیار ہیں، مثبت بات یہ ہے کہ دنیا کی مختلف لیگز میں شرکت کی وجہ سے سب کی میچ پریکٹس مکمل ہے، ٹیم اچھی فارم میں ہے، ہم تیسری بار ٹائٹل پر قبضہ جمانے کی پوری کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایونٹ میں شریک تمام ٹیمیں ہی مضبوط ہیں، جیت کا تسلسل برقرار رکھنا اہم ہوگا، ہم جدید دور کی کرکٹ کو اپنانے کی کوشش کرتے ہیں، میں ڈیٹا اور میچ کیلئے تیاری دونوں کو اہمیت دیتا ہوں، گذشتہ سال کرکٹرز کی انجریز کی وجہ سے مسائل رہے، بنچ پاور بھی مضبوط نہیں تھی، ہمیں 8 کے قریب تبدیلیاں کرنا پڑیں، اس بار ان مسائل پر قابو پانے کی کوشش کی ہے، بنچ پاور پر بھی توجہ دی تاکہ متبادل موجود ہوں، ہمارے پاس حسن نواز، ذیشان ضمیر اور مبصر خان جیسے اْبھرتے ہوئے کھلاڑی ہیں جو مستقبل میں پاکستان کے ستارے بن سکتے ہیں۔
شاداب خان نے کہا کہ میری انفرادی اہداف پر نظر نہیں ہوتی، ذاتی کارکردگی اچھی ہو یا نہیں کپتان کے طور پر میں ہمیشہ چاہتا ہوں کہ ٹیم جیتے، کپتانی کرتے ہوئے کھیل پر زیادہ توجہ مرکوز رکھتا ہوں کیونکہ جب آپ قیادت کرتے ہیں تو خود سے زیادہ پوری ٹیم کے بارے میں سوچتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شاہد آفریدی لیجنڈ تھے، مجھے ان کی طرح پرفارم کرنے میں وقت لگے گا، میں صرف چھکے لگانے کی کوشش نہیں کرتا، میچ کی ضرورت کے مطابق کھیلنا پڑتا ہے، کپتانی کا اضافی دباؤ نہیں لیتا، اس ذمہ داری سے لطف اندوز اور اس دوران خود کو اور کھلاڑیوں کو پر سکون رکھنے کی کوشش کرتا ہوں، دوستی میدان سے باہر ہوتی ہے، میں ساتھی کھلاڑیوں سے پروفیشنل رویے کی توقع رکھتا ہوں، کپتانی کرتے ہوئے ابتدا میں غصہ آتا تھا، اب اعصاب پر قابو پانا سیکھ لیا ہے۔