کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کنگز کی ٹیم کو ہوم گراؤنڈ پر مسلسل تیسری شکست کا سامنا کرنا پڑ گیا، پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے میچ میں گلیڈی ایٹرز نے کنگز کو 6 رنز سے شکست دے دی۔
نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کا فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا، عماد وسیم کی شاندار باؤلنگ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بیٹرز کو رنز بنانے سے روکے رکھا، پریشر کے باعث کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم ایک کے بعد ایک وکٹ گنواتی رہی۔
مشکلات کا شکار کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کو مارٹن گپٹل کی شاندار بیٹنگ نے سہارا دیا، گپٹل نے وکٹ بچانے کے ساتھ ساتھ جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 117 رنز کی اننگز کھیلی، گپٹل کے بعد افتخار احمد 27 گیندوں پر 32 رنز بناکر دوسرے نمایاں بیٹر رہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 8 کی پہلی سنچری بنانے کا اعزاز مارٹن گپٹل کے نام
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی باقی ٹیم کا کوئی بھی کھلاڑی 5 رنز سے زیادہ سکور نہ کر سکا، کپتان سرفراز احمد 5، عمر اکمل 4 اور محمد نواز 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ جیسن روئے اور عبداللہ بنگلزئی بغیر کھاتہ کھولے ہی پویلین لوٹ گئے۔
کراچی کنگز کی جانب سے عماد وسیم اور عامر یامین 3، 3 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے جبکہ محمد عامر نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
جواب میں کراچی کنگز کی ٹیم 169 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز ہی بنا سکی۔
کراچی کنگز کی طرف سے شعیب ملک 8 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 71 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ عرفان خان نے 37 اور جیمز وینس نے 22 رنز بنائے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے محمد حسنین نے 2 جبکہ قیس احمد، محمد نواز اور نسیم شاہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
خیال رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پی ایس ایل 8 میں یہ پہلی فتح ہے، اس سے پہلے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو اپنے پہلے میچ میں ملتان سلطانز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
دوسری جانب کراچی کنگز کی ٹیم ایونٹ کا مسلسل تیسرا میچ ہار گئی ہے، کراچی کنگز کو پہلے میچ میں پشاور زلمی جبکہ دوسرے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے شکست دی تھی۔