کراچی: (دنیا نیوز) کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بیٹر مارٹن گپٹل نے کراچی کنگز کے خلاف 117 رنز بنا کر پی ایس ایل 8 کی پہلی سنچری بنانے کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔
کراچی میں ہونے والے میچ میں ٹاس ہارنے پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی گئی تو شروع میں ہی گلیڈی ایٹرز کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور محض 23 کے مجموعی سکور پر 4 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔
مشکل حالات میں مارٹن گپٹل نے ایک طرف وکٹ بچائی اور دوسری طرف چھکے اور چوکوں کی برسات کر دی، مارٹن گپٹل نے 67 گیندوں کا سامنا کر کے 5 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 117 رنز بنائے۔
مارٹن گپٹل کی شاندار اننگز کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 168 رنز بنانے میں کامیاب رہی، گپٹل کے بعد افتخار احمد 32 رنز بناکر دوسرے نمایاں بیٹر رہے جبکہ باقی ٹیم کا کوئی بھی کھلاڑی 5 رنز سے زیادہ سکور نہ کر سکا۔