ملتان: (دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں میچ میں ملتان سلطانز کی ٹیم نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 52 رنز سے شکست دے دی۔
ملتان میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے۔
ملتان سلطانز کے ڈیوڈ ملر نے 52، محمد رضوان نے 50 اور رائیلی روسو نے 36 رنز بنائے جبکہ کیرون پولارڈ نے 32 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
ملتان سلطانز کے خلاف اسلام آباد یونائیٹڈ کے رومان رئیس، وسیم جونیئر، شاداب خان اور ٹام کررن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 191 رنز کا ہدف حاصل نہ کر سکی اور اٹھارہویں اوور میں 138 کے مجموعی سکور پر اپنی ساری وکٹیں گنوا بیٹھی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے راسی وین ڈیر ڈوسن نے سب سے زیادہ 49 رنز بنائے، کولن منرو 31 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بیٹر رہے جبکہ حسن نواز نے 21 اور اعظم خان نے 16 رنز کی اننگز کھیلی۔
ملتان سلطانز کے عباس آفریدی 22 رنز کی عوض 4 وکٹیں لینے میں کامیاب رہے جبکہ محمد الیاس، احسان اللہ اور اسامہ میر نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔