کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 میں لاہور قلندرز اور گلیڈی ایٹرز آج پنجہ آزمائی کیلئے تیار ہیں۔
نیشنل سٹیڈیم کراچی میں آج لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں مقابل ہوں گی، شاہین آفریدی الیون نے پہلے میچ میں دفاعی چیمپئن ملتان کو شکست دی تھی مگر دوسرے میں روایتی حریف کراچی کنگز نے 67 رنز کے بڑے مارجن سے زیر کر لیا۔
فخر زمان اور مرزا طاہر بیگ بہتر فارم میں ہیں، البتہ مڈل آرڈر میں بیشتر بیٹرز کی کارکردگی میں تسلسل کا فقدان نظر آرہا ہے، شائی ہوپ تیسرے نمبر پر پرفارم نہیں کر پا رہے، دباؤ کے شکار دیگر بیٹرز کامران غلام، حسین طلعت، سکندر رضا، ڈیوڈ ویزا اور لیام ڈاسن بھی بڑی اننگز کھیلنے میں مشکلات کا شکار نظر آرہے ہیں۔
پیسرز شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، زمان خان اور ڈیوڈ ویزا کو وکٹیں لینے کے ساتھ رنز کا بہاؤ روکنے کیلئے محنت کرنا ہو گی، سپنر سکندر رضا کنڈیشنز کا بہتر فائدہ اٹھا رہے ہیں مگر لیام ڈاسن گذشتہ میچ میں مہنگے ثابت ہوئے تھے۔
حریف ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلے میچ میں ملتان سلطانز نے آؤٹ کلاس کر دیا تھا مگر دوسرے میں کم بیک کرتے ہوئے مارٹن گپٹل کی سنچری کی بدولت 6 رنز سے کامیابی حاصل کر لی، تیسرے میں پشاور زلمی کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا، فتح کے ٹریک پر واپسی کیلئے ٹاپ آرڈر میں جسین روئے،مارٹن گپٹل اور سرفراز احمد میں سے کم از کم کسی ایک کو بڑی اننگز کھیلنا ہو گی۔
افتخار احمد اور محمد نواز سے آل راؤنڈ کارکردگی کی امیدیں وابستہ ہیں،محمد حفیظ کو بھی افادیت ثابت کرنے کا چیلنج درپیش ہے، نسیم شاہ اور محمد حسنین تہلکہ خیز کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، قیس احمد کی سپن باؤلنگ کا بھی اہم کردار ہو گا۔