پی ایس ایل 8: لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو 21 رنز سے ہرا دیا

Published On 04 March,2023 06:34 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 8 کے 20ویں میچ میں لاہور قلندرز کی ٹیم نے ملتان سلطانز کو 21 رنز سے شکست دے دی۔

قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، لاہور قلندرز کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنائے۔

لاہور قلندرز کے فخر زمان کھیل کے آغاز میں ہی بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹ گئے، وکٹ کیپر بیٹر سیم بلنگز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 35 گیندوں پر 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 54 رنز بنائے جبکہ عبداللہ شفیق 48 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

لاہور قلندرز کے دیگر کھلاڑیوں میں مرزا طاہر بیگ نے 17، ڈیوڈ ویسے نے 15، سکندر رضا نے 14 جبکہ حسین طلعت اور شاہین شاہ آفریدی نے 9، 9 رنز کی اننگز کھیلی۔

ملتان سلطانز کے باؤلرز کی جانب سے کیرن پولارڈ، عباس آفریدی، احسان اللہ اور انور علی نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، سمین گل ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

جواب میں ملتان سلطانز کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی، ملتان سلطانز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز ہی بنا سکی۔

ملتان سلطانز کی جانب سے کیرن پولارڈ 39 رنز بنا کر سب سے نمایاں بلے باز رہے، محمد رضوان نے 30، شان مسعود نے نے 19 جبکہ اسامہ میر اور انور علی نے 17، 17 رنز کی اننگز کھیلی۔

لاہور قلندرز کے باؤلرز میں سے راشد خان نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں، حسین طلعت، سکندر رضا، حارث رؤف اور زمان خان کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔
 

Advertisement