لاہور: (ویب ڈیسک) ملتان سلطانز کے بیٹر شان مسعود نے کہا ہے کہ وہ بابر اعظم کے لیے جان دینے کو بھی تیار ہیں۔
ملتان سلطانز کی نمائندگی کرنے والے قومی بیٹر شان مسعود نے مقامی ٹی وی سے انٹرویو میں کہا ہے کہ پوری ٹیم بابر اعظم کے پیچھے کھڑی ہے اور انہیں ہر ممکن طور پر مدد کرنا چاہتی ہے، ہم ان کے لیے جان دینے کو بھی تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب سرفراز احمد کپتان تھے تو ہم اپنی جان دینے کو تیار تھے اور اب بابر اعظم کے لیے بھی ہمارا یہی جذبہ ہے، انہوں نے بابر اعظم کی قائدانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ غیرمعمولی کپتان ہیں اور ٹیم کی سپورٹ کے حقدار بھی ہیں۔
شان مسعود کا کہنا تھا کہ بطور ٹیم ہمارا مقصد ملک کے لیے کھیلنا اور اپنی بہترین صلاحیتیں پیش کر کے بہترین مقاصد پانا ہے، اسی طرح شاہین آفریدی بھی دنیا کے بہترین باؤلرز میں شامل ہیں، وہ سردست دنیا کے نمبرون باؤلر ہیں۔