لاہور : ( ویب ڈیسک ) پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے کہا ہے کہ ہمارے کپتان اب بھی بابراعظم ہیں، ان کے پاس بہت تجربہ ہے، انہوں نے باؤلرز کا اچھا استعمال کیا ، بابر بادشاہ اور میں وزیر ہوں۔
لاہور میں پی ایس ایل کے پہلے ایلیمنیٹر میچ میں پشاور زلمی سے شکست کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہماری باؤلنگ میں پہلے 10 اوورز مہنگے پڑے، میچ کے ابتدا میں ہماری باڈی لینگویج اچھی نہیں تھی، باؤلنگ اور بیٹنگ میں ہم نے کم بیک کیا لیکن پشاور زلمی کو کریڈٹ جاتا ہے۔
شاداب خان نے کہا کہ دو وکٹیں یکے بعد دیگرے گرنے سے میچ ہمارے ہاتھ میں نہیں آ سکا، ہم نے ایک پرفیکٹ ٹیم کھلائی لیکن ایونٹ میں ہم وہ حاصل نہیں کر سکے جو کرنا چاہیے تھا، مجھ سے ایونٹ میں مس فیلڈ نگ ہوئی، کیچز ڈراپ ہوئے، جب لیڈر ایسا کرے تو اس سے فرق پڑتا ہے۔
قومی ٹیم کے دورہ افغانستان کے حوالے سے شاداب کا کہنا تھا کہ اچھی سیریز ہو گی ان کے کھلاڑی ہر جگہ لیگ کرکٹ کھیلتے ہیں، افغانستان کی ٹیم ٹی ٹوئنٹی میں اچھی ہے، ایشین کنڈیشنز میں اچھا کھیلتی ہے۔