دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز، پشاور زلمی کو شکست دیکر فائنل میں پہنچ گئی

Published On 17 March,2023 10:45 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ8 کے دوسرے ایلیمینٹر میچ میں لاہور قلندرزنے پشاور زلمی کو4 وکٹوں سے شکست دے دی، کل فائنل میں ملتان سلطانز سے مقابلہ ہوگا۔

لاہور قذافی سٹیڈیم میں ہونیوالے پاکستان سپر لیگ کے فیصلہ کن میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے لاہور قلندرز کیخلاف مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنائے۔

پشاور زلمی کی جانب سے محمد حارث 85 اور بابر اعظم 42 رنز بنا کر نمایاں رہے، صائم ایوب 9، بھانوکا راجا 25 ، عامر جمال 1 رنز بناسکے جبکہ ٹام کوہلر بغیر کوئی سکور بنائے آؤٹ ہوگئے،لاہور قلندرز کی جانب سے راشد خان اورزمان خان نے 2،2 جبکہ شاہین آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ 

لاہور قلندرز نے مقررہ ہدف 19 ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، مرزا طاہر بیگ 54 سکور بنا کر نمایاں رہے، فخر زمان 6، احسن حفیظ 15، عبداللہ شفیق 10، سیم بیلنگز28، سکندر رضا 23 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ ڈیوڈ ویزے 9 اور شاہین شاہ آفریدی 4 گیندوں پر 12 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پشاور زلمی کی جانب سے عظمت اللہ عمر زئی نے 2، وہاب ریاض، عامر جمال اور سلمان ارشاد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان سپر لیگ 8 کا فائنل کل ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کے درمیان قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

Advertisement