راجشاہی: (ویب ڈیسک) پاکستان انڈر 19 نے بنگلہ دیش انڈر19 کو چوتھے ون ڈے میں 8 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز تین ایک سے اپنے نام کرلی۔
پاکستان انڈر 19نے پہلا میچ 9وکٹوں سے اور دوسرا میچ 78رنز سے جیتا تھا جبکہ تیسرے میچ میں میزبان ٹیم نے4وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔
راجشاہی میں کھیلے گئے چوتھے میچ میں پاکستان انڈر 19نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش انڈر 19کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی،میزبان ٹیم 46.4اوورز میں 199رنز بناکر آؤٹ ہوگئی،عارف الاسلام 50، محفوظ الرحمن رابی 34 اور شیخ پرویز 30 رنز بناکر نمایاں رہے۔
پاکستان انڈر19کی طرف سے ایمل خان اور علی اسفند نے 3،3 ، شاہ زیب خان اور آزان اویس ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں آزان اویس 52رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جبکہ شاہ زیب نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 105گیندوں پر 105رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، کپتان سعد بیگ 15 گیندوں پر29رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔
پاکستان انڈر19 نے 37ویں اوور میں مطلوبہ سکور 2وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا، سیریز کا پانچواں اور آخری ون ڈے میچ پیر کے روز کھیلا جائے گا جس کے بعد دونوں ٹیمیں بدھ کو واحد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں مدمقابل ہوں گی۔