باؤلنگ، بیٹنگ نہ کیپنگ: بین سٹوکس کا ٹیسٹ کرکٹ میں نیا کارنامہ

Published On 05 June,2023 01:33 pm

لندن: (ویب ڈیسک) انگلینڈ ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان بین سٹوکس نے منفرد ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔

انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے آئرلینڈ کو لارڈز میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں شکست دے دی، اس میچ میں انگلش ٹیم کے کپتان بین سٹوکس نے بیٹنگ، باؤلنگ اور وکٹ کیپنگ کیے بغیر فتح اپنے نام کی جو ٹیسٹ کرکٹ میں ایک منفرد ریکارڈ ہے۔

کرکٹ سے متعلق اعداد وشمار کے ماہر مظہر ارشد نے بھی انگلش کپتان کے اعزاز کی تصدیق اپنے ٹوئٹ میں کی۔

آئرلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے واحد میچ میں انگلش ٹیم نے ٹاس جیت کر باؤلنگ کا فیصلہ کیا، آئرلینڈ نے دعوت قبول کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 172 رنز بنائے، انگلینڈ کی جانب سے سٹورٹ براڈ نے 5 اور جیک لیچ نے 3 اور میتھیو پوٹس نے 2وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں آئرلینڈ کے خلاف انگلش بیٹرز نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 524 رنز بناکر پہلی اننگز میں واضح برتری حاصل کرلی، انگلش ٹیم کی جانب سے اولی پوپ نے 205 اور بین ڈکٹ نے 182 رنز کی اننگز کھیلی، آئرلینڈ دوسری اننگز میں 362 رنز بنا سکی اور انگلینڈ کو جیت کے لیے صرف 11 رنز کا ہدف دیا جو انگلینڈ نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے پورا کر لیا۔

آئرلینڈ کے خلاف پورے ٹیسٹ میچ میں انگلش کپتان بین سٹوکس نے نہ تو باؤلنگ کروائی اور نہ ہی ان کی بیٹنگ آئی اس طرح بین سٹوکس ٹیسٹ کرکٹ میں بغیر بیٹنگ اور باؤلنگ کیے میچ جیتنے والے پہلے کپتان بن گئے۔

Advertisement