ذکا اشرف کی آئی سی سی اجلاس میں شرکت، پی سی بی نے اعلامیہ جاری کر کے ڈیلیٹ کر دیا

Published On 04 July,2023 09:17 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ممکنہ چیئرمین پی سی بی ذکااشرف کی آئی سی سی اجلاس میں شرکت کا اعلان کرنے کے بعد پریس ریلیز ڈیلیٹ کردی گئی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا تھا کہ بورڈ آف گورنرز کا رکن ہونے کی حیثیت سے ذکا اشرف آئی سی سی کے سالانہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے تاہم بعد میں پریس ریلیز واپس لے لی گئی۔

پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ اعلامیہ غلط فہمی کی بنیادپرجاری ہوا، اعلامیہ جاری کرنے سے پہلے ذکاء اشرف کوبھی اعتماد میں نہیں لیا گیا، واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا سالانہ اجلاس جنوبی افریقہ کے شہر ڈربن میں 9 سے 16 جولائی تک منعقد ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: عدالت نے چیئرمین پی سی بی کے انتخابات روکنے کا حکم امتناعی واپس لے لیا

پی سی بی کے اعلامیہ میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ آئی سی سی کے سالانہ اجلاس میں ذکا اشرف کے ہمراہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر بھی شریک ہوں گے۔

یاد رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے مینجمنٹ کمیٹی تحلیل کردی تھی، انہوں نے ذکا اشرف کی بورڈ آف گورنرز میں نامزدگی بھی کردی مگر نجم سیٹھی جاتے جاتے نیا بورڈ آف گورنرز تشکیل دے گئے۔