کولمبو: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ ہم ورلڈکپ کیلئے سکواڈ تقریباً بنا چکے ہیں، کھلاڑیوں کے دل ٹوٹنے والی کوئی بات نہیں۔
پاکستان اور بھارت کے میچ سے قبل کولمبو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ ہم مسلسل کرکٹ کھیل رہے ہیں اور ہمارا فوکس میچ پر ہے، ہم نے ٹریول بھی بہت کیا، کھیل میں ایسا ہوتا ہے،کھلاڑیوں کا خیال رکھنا بہت ضروری ہے، سفر کا ہمیں پتا تھا، ہمیں یہاں کھیلنے کا فائدہ ہوسکتا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ جو کھلاڑی منتخب کیے ہیں وہ بہترین ہیں، سلیکشن کے معاملے پر مشکل کا شکار نہیں ہوتے، ہمارا فوکس اکٹھے رہنے، میچز اور ٹورنامنٹ جیتنے پر ہوتا ہے۔
کپتان نے کہا کہ ورلڈ کپ کے لیے ایشیا کپ کو دیکھ رہے ہیں، ہم ورلڈکپ کے لیے اپنا سکواڈ تقریباً بنا چکے ہیں اور ٹیم کی بہتری کے لیے سب کام کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پلیئرز کے دل ٹوٹنے والی بات نہیں، جو بھی منتخب ہوں گے وہ بہترین ہی ہوں گے، کارکردگی کو دیکھتے ہوئے کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کیا جاتا ہے، میچز اور ٹورنامنٹ فاسٹ باؤلرز جتواتے ہیں اور مجھے ان پر یقین ہے، ہر میچ میں ہر کوئی پرفارم نہیں کرسکتا۔
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ہماری باؤلنگ کا سٹارٹ اچھا ہوتا ہے، کوشش ہوتی ہے مڈل میں بھی اچھا کرنے کی کوشش کریں، مڈل اوورز میں ہمیں وکٹیں لینے کی ضرورت ہے لیکن ہم فنش اچھا کر رہے ہیں، افتخار احمد نے بھی اچھی باؤلنگ کی، مختلف کمبی نیشن آزما رہے ہیں اسی لیے ہم نے آل راؤنڈر فہیم اشرف کو کھلایا۔