لاہور: (دنیا نیوز) ایشیا کپ ون ڈے میں سپر فور مرحلے میں سری لنکا کے خلاف میچ میں قومی ٹیم کے آل راؤنڈر سلمان علی آغا کی شرکت مشکوک ہے۔
سلمان علی آغا کو بھارت کے خلاف میچ میں رویندر جڈیجا کے اوور میں سوئپ شاٹ کھیلتے ہوئے ناک کے قریب آنکھ کے نیچے گیند لگی تھی۔
قومی کرکٹر کو میچ کے بعد کولمبو کے ہسپتال لے جایا گیا جہاں ان کی ڈریسنگ کی گئی، ٹیم مینجمنٹ کے مطابق سلمان علی آغا کے چہرے پر سوجن ہے لیکن وہ پہلے بہتر محسوس کررہے ہیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ سعود شکیل کو سلمان علی آغا کی جگہ کھلائے جانے کا امکان ہے۔
حارث رؤف اور نسیم شاہ انجرڈ
بھارتی اننگز کے دوران قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر حارث رؤف اور نسیم شاہ انجری کے باعث گراؤنڈ سے باہر چلے گئے تھے یہی وجہ ہے کہ وہ پاکستان کی اننگز میں بیٹنگ کرنے بھی نہیں آئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حارث رؤف اور نسیم شاہ کی بھی ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں سری لنکا کے خلاف شرکت مشکوک ہے، دونوں فاسٹ باؤلرز کی انجریز کی نوعیت کا جائزہ لیا جائےگا جس کے بعد ان کی ایشیا کپ میں شرکت کا فیصلہ ہوگا۔
تاہم حارث رؤف اور نسیم کی انجری کے باعث پاکستان کرکٹ ٹیم کی منیجمنٹ نے فاسٹ باؤلر شاہنواز دھانی اور زمان خان کو بیک اپ باؤلر کے لیے طلب کر لیا ہے، یہ اقدام آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ سے قبل کھلاڑیوں کی فٹنس اور ان کی صحت کے معیار کو مدنظر رکھ کر کیا گیا ہے۔