لکھنؤ: (دنیا نیوز) بھارت میں جاری آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 29ویں میچ میں بھارت نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو 100 رنز سے بآسانی شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل چھٹی فتح حاصل کرلی۔
بھارتی شہر لکھنؤ کے اکانا کرکٹ سٹیڈم میں ہونیوالے میچ میں انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 229 رنز بنائے۔
230 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 34.5 اوورز میں 129 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، بھارت کی جانب سے محمد شامی نے 4، جسپریت بمراہ نے 3، کلدیپ یادیو نے 2 جبکہ رویندرا جڈیجا نے ایک وکٹ حاصل کی۔
— ICC Cricket World Cup (@cricketworldcup) October 29, 2023
انگلینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز ڈیوڈ برسٹو اور ڈیوڈ ملان نے کیا تاہم انگلش ٹیم کی بیٹنگ لائن ابتدا میں ہی لڑکھڑاگئی اور صرف 52 رنز کے مجموعی اسکور پر ابتدائی 5 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔
اوپنر جونی برسٹو 14، ڈیوڈ ملان 16 جبکہ جو روٹ اور بین اسٹوکس صفر پر ہی آؤٹ ہوگئے، کپتان جوز بٹلر 10 رنز، معین علی 15 رنز، کرس ووکس 10 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
— ICC Cricket World Cup (@cricketworldcup) October 29, 2023
قبل ازیں بھارت کی جانب سے روہت شرما اور شبمن گل نے اننگز کا آغاز کیا لیکن 26 کے مجموعی سکور پر شبمن گل 9 رنز بنا کر بولڈ ہو گئے جبکہ ویرات کوہلی بھی 9 گیندوں پر بغیر کوئی رن بنائے کیچ آؤٹ ہو گئے۔
بھارتی کھلاڑی شیریاس آئیر 4 رنز بنا کر کرس ووکس کی گیند پر مارک ووڈ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، کپتان روہت شرما نے 3 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 87 رنز کی اننگز کھیلی، دیگر کھلاڑیوں میں سوریاکمار یادیو 49، کے ایل راہول 39، رویندرا جڈیجا 8، محمد شامی ایک رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس نے 3، عادل رشید اور ڈیوڈ ولی نے 2 جبکہ مارک ووڈ نے ایک وکٹ حاصل کی۔