ڈبلن: (دنیا نیوز) پاکستان اور آئر لینڈ کے میچ کے دوران ماحول خراب کرنے کیلئے افغان شائقین سٹیڈیم پہنچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آئر لینڈ کے درمیان ہونے والے سیریز کے دوسرے میچ کے اختتام پر افغان شائقین باڑ توڑ کر سٹیڈیم میں داخل ہوئے اور پاکستانی شائقین سے الجھ پڑے، میچ کے بعد افغان شائقین کی بدتمیزی کی وجہ سے ماحول کشیدہ ہو گیا۔
افغان شائقین نے ڈریسنگ روم سے گراؤنڈ جاتے ہوئے شاہین آفریدی سے بھی بدتمیزی کی جس پر قومی فاسٹ باؤلر کی افغان شہری سے تلخ کلامی ہو گئی، شاہین آفریدی نے سکیورٹی ہیڈ کو معاملے سے آگاہ کیا، جس کا نوٹس لیتے ہوئے مشکوک نوجوان کو گراؤنڈ سے باہر نکال دیا گیا۔
واضح رہے کہ 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے آئرلینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دی، آئرش ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بنائے، قومی ٹیم نے ہدف کو 17ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
فخر زمان نے 78 اور محمد رضوان نے 75 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، اعظم خان 30 رنز کیساتھ ناقابل شکست رہے، کپتان بابر اعظم بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے، آئر لینڈ کے لورکن ٹکر 51 رنز کیساتھ نمایاں رہے، ہیری ٹییکٹر نے 32، گیرتھ ڈیلانی 28 اور کرٹس چیمپر نے 22 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 3، عباس آفریدی نے 2 جبکہ محمد عامر اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، پاکستان نے 3 ٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز کو 1-1 سے برابر کر لیا ہے، سیریز کے پہلے میچ میں آئرش ٹیم نے شاہینوں کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔