کوشش ہوگی ارشد ندیم کی طرح قوم کو خوشیاں دیں: شان مسعود

Published On 11 August,2024 03:34 pm

لاہور: (دنیا نیوز) قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ کوشش ہوگی ارشد ندیم کی طرح قوم کو خوشیاں دیں۔

راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شان مسعود کا کہنا تھا کہ بنگلا دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے بھرپور پریکٹس کر رہے ہیں، کوچز جیسن گلیسپی اور گیری کرسٹن سے بہت کچھ سیکھنے کو مل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم کے ریڈ بال اور وائٹ بال کوچز بہترین ہیں، بہت اچھا موقع ہے کوچز کے ساتھ کام کرنے کو مل رہا ہے، 9 ٹیسٹ میچز میں سے زیادہ میچز جیتنا ہوں گے، ٹیم مینجمنٹ میں کافی تبدیلیاں ہوئی ہیں، گزشتہ 10 ماہ سے ٹیسٹ کرکٹ نہیں کھیلی، آسٹریلیا سے سیریز اچھی کھیلی لیکن جیتے نہیں۔

شان مسعود کا کہنا تھا کہ کسی بھی شعبے میں پاکستان کی نمائندگی کرنا باعثِ فخر ہے، ٹیسٹ کرکٹ سب سے زیادہ چیلنجنگ ہوتی ہے، کھلاڑیوں کو لیگ اور فرنچائز کرکٹ کھیلنے کا تجربہ ہے، بنگلادیش کو ہلکی ٹیم تصور نہیں کریں گے۔

ٹیسٹ ٹیم کے کپتان نے مزید کہا کہ پاکستان اپنے سٹائل کے ساتھ ٹیسٹ کرکٹ کھیلے گا، ارشد ندیم قومی ہیرو ہیں، ایسی کرکٹ کھیلیں گے جس سے پاکستانی شائقینِ کرکٹ کو ارشد ندیم کی طرح خوشیاں دے سکیں۔