سابق ونڈیز آل راؤنڈر براوو کا سی پی ایل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

Published On 02 September,2024 02:16 am

کیپ ٹاؤن: (ویب ڈیسک) ویسٹ انڈیز کے سابق آل راؤنڈر ڈیوائن براوو نے کیربیئن پریمیئر لیگ (سی پی ایل) سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

واضح رہے کہ سابق آل راؤنڈر ڈیوائن براوو نے 2021 میں انٹرنیشنل کرکٹ کو خیر باد کہہ دیا تھا جس کے بعد وہ دنیا کی مختلف لیگز میں شرکت کر رہے ہیں۔

سابق آل راؤنڈر نے 2023 میں انڈین پریمیئر لیگ سے بھی ریٹائرمنٹ لے لی تھی اور اب انہوں نے ویسٹ انڈیز کے ٹی 20 ٹورنامنٹ کیربیئن پریمیئر لیگ (سی پی ایل) سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔

5 بار سی پی ایل ٹرافی اٹھانے والے براوو نے انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے سی پی ایل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا، انہوں نے کہا کہ یہ سفر بہت اچھا رہا، سی پی ایل کا یہ سیزن میرا آخری پروفیشنل ٹورنامنٹ ہوگا جو میں ہوم گراؤنڈ پر کھیلوں گا۔