دبئی: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے دبئی میں آئی سی سی حکام سے ملاقات کر کے چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے پاکستان کے دبنگ مؤقف سے آگاہ کردیا۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے گزشتہ روز آئی سی سی سربراہ گریگ بارکلے سے ملاقات کی، محسن نقوی نےآئی سی سی کو پی سی بی اور وفاقی حکومت کا مؤقف پیش کیا۔
پی سی بی ذرائع کا بتانا ہے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان میں نہیں کھیلے گا تو ہم بھی بھارت میں نہیں کھیلیں گے، ہم 2023 میں آئی سی سی کے کہنے پر بھارت جا کر کھیل چکے ہیں، اس سے پہلے بھی کئی بار بھارت کا دورہ کیا۔
محسن نقوی نے آئی سی سی پر واضح کیا کہ ہائبرڈ ماڈل پر پی سی بی کا موقف واضح ہے، پاکستان چیمپئنز ٹرافی کی بھرپور تیاری کررہا ہے، ہم چمپئنز ٹرافی کا انعقاد مکمل طور پر پاکستان میں چاہتے ہیں۔