آسٹریلیا کا پہلی مرتبہ بیرون ملک ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے کا امکان

Published On 03 April,2025 01:54 pm

جمیکا: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے دورہ ویسٹ انڈیز کے دوران پہلی مرتبہ بیرون ملک ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے کا امکان ہے۔

آسٹریلیا نے جولائی میں تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کیلئے ویسٹ انڈیز کا دورہ کرنا ہے اور جمیکا میں فلڈ لائٹس کی اپ گریڈیشن کا منصوبہ مکمل ہونے پر ڈے نائٹ ٹیسٹ ہو گا۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ہونے والی سیریز کا آخری ٹیسٹ میچ ڈے نائٹ کرانے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔

اس بارے میں کرکٹ ویسٹ انڈیز کا کہنا ہے کہ اگر گراؤنڈ کی لائٹس میں بہتری آ جاتی ہے تو جمیکا ٹیسٹ پنک بال سے ہو گا جبکہ بارباڈوس اور گرینیڈا کے ٹیسٹ شیڈول کے مطابق ریڈ بال سے ہی ہوں گے۔

کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے بس کرکٹ ویسٹ انڈیز کی طرف سے ہمیں تفصیلات کا انتظار ہے، ہم ڈے اینڈ نائٹ کرکٹ کی حمایت کرتے ہیں، آسٹریلیا نے ہمیشہ پنک ٹیسٹ کی حوصلہ افزائی کی ہے۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا کے دورہ ویسٹ انڈیز میں تین ٹیسٹ اور پانچ ٹی 20 شامل ہیں جو 25 جون سے 28 جولائی کے درمیان شیڈول ہیں۔