لاہور: مفت علاج کا جھانسہ دیکر گردے نکالنے والا گروہ گرفتار

Published On 15 Sep 2013 07:17 PM 

لاہور پولیس نے سادہ لوح شہریوں کو مفت علاج کا جھانسہ دیکر ان کے گردے نکالنے والے گروہ کو گرفتار کر لیا، حراست سے سات افراد بازیاب۔

لاہور: (دنیا نیوز) داتا دربار کے نزدیک ملک پارک میں ڈاکٹر فواد نامی شخص نے ایک ہسپتال بنا رکھا تھا جہاں وہ سادہ لوح شہریوں کا مفت علاج کے بہانے ان کو بلاتا۔ ملزم نے ڈائیلا سسز کے لیے شیخ زید ہسپتال کے دو ملازمین وسیم اور فرحان کو بھی ساتھ ملا رکھا تھا۔ ملزم شہریوں کو بہتر علاج کے لیے راولپنڈی بھجواتا جہاں ایک نجی لیب میں ان کے ٹیسٹ کے بعد ان کے گردے نکال لئے جاتے۔ پولیس نے اطلاع ملنے پر ملک پارک اور راولپنڈی میں چھاپے مارے اور گروہ کے چھ ارکان احمد یار، محمد سلیم، محمد اشرف عرف نکا، عمران، محمد اشفاق اور غلام جعفر کو گرفتار کر لیا جبکہ ان کی حراست سے زیر علاج سات افراد کو بھی بازیاب کرا لیا جنھیں گردے نکالنے کے لیے رکھا گیا تھا۔ ایس پی سٹی مفخر عدیل کا کہنا تھا کہ ملزموں نے اب تک 30 شہریوں کے گردے نکال کر فروخت کرنے کا انکشاف کیا ہے جبکہ فرار ہونے والے مرکزی ملزم اور اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کےلیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔