اسلام آباد: (دنیانیوز) ملک میں آج سے انسداد پولیو مہم کا آغاز ہورہا ہے جس میں 2 کروڑ 40 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔
کوآرڈینیٹر نیشنل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر ملک مختار احمد بھرتھ کے مطابق پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں، ہائی رسک اضلاع میں باقاعدگی سے پولیو مہم کا انعقاد کیا جارہا ہے۔
کوآرڈینیٹر نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سنٹر ڈاکٹر شہزاد بیگ کا بتانا ہے کہ پولیو مہم میں چار لاکھ سے زائد پولیو ورکرز حصہ لیں گے ، ملک کے 91 اضلاع میں پولیو مہم کا انعقاد کیا جارہا ہے۔
سندھ کے 24 اضلاع میں خصوصی انسداد پولیو مہم کا آغاز
وزیرِاعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی میں خصوصی انسدادِ پولیو مہم کا افتتاح کر دیا۔
ترجمان کے مطابق وزیرِاعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گلشنِ اکاخیل، گڈاپ میں نئی تعمیر شدہ ڈسپنسری میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے۔
اس موقع پر وزیرِاعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ انسدادِ پولیو کی خصوصی مہم سندھ کے 24 اضلاع میں شروع کی گئی ہے، آج سے 3 مئی تک جاری مہم میں 80 لاکھ بچوں کو انسدادِ پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف ہے۔
خیبرپختونخوا میں انسداد پولیو مہم کا آغاز
خیبر پختونخوا میں بھی انسداد پولیو کے پہلے مرحلے کا آج سے آغاز ہوگیا ، پہلا مرحلہ آج سے 3 مئی تک جاری رہے گا۔
ای او سی کے مطابق پہلے مرحلے مییں 22 اضلاع میں انسداد پولیو مہم چلائی جارہی ہے، دوسرے مرحلے میں 2 مئی سے 6 مئی تک 5 اضلاع میں انسداد پولیو مہم چلائی جائے گی۔
44لاکھ 23 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ، مہم کیلئے 21 ہزار پولیو ٹیمیں اور 33ہزار سکیورٹی اہلکار تعینات کی گئیں ہیں۔
پنجاب کے دس اضلاع میں پولیو مہم شروع
پنجاب کے دس اضلاع میں انسداد پولیو مہم آج سے شروع ہوگی۔
پنجاب میں پولیو مہم کے 10 اضلاع میں لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان شامل ہیں جبکہ راجن پور، ڈیرہ غازی خان، رحیم یار خان، میانوالی، شیخوپورہ اور اوکاڑہ بھی مہم کا حصہ ہوں گے۔
رپورٹ کے مطابق راولپنڈی، شیخوپورہ، میانوالی میں مہم منتخب یونین کونسلوں منعقد کی جائے گی۔
بلوچستان کے 30 اضلاع میں انسداد پولیو مہم
ملک کے دیگر صوبوں کی طرح بلوچستان کے 30 اضلاع میں سات روزہ انسداد پولیو مہم آج سے شروع ہو گی۔
کوآرڈینیٹر ای او سی سید زاہد شاہ کے مطابق پولیو مہم کے دوران 23 لاکھ 95 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے، 10 ہزار سے زائد ٹیمیں گھر گھر جاکر پانچ سال سے کم عمر بچوں کو قطرے پلائیں گی۔
سید زاہد شاہ کا بتانا ہے کہ بلوچستان میں پولیو وائرس کو پھر سے قدم جمانے نہیں دیں گے، پولیو ورکرز اور والدین کے تعاون سے بچوں کو ہمیشہ کی معذوری سے بچانے کا عزم پختہ ہے۔