21 جولائی کو ہیلتھ سے متعلق فیس لیس سسٹم کا افتتاح کریں گے:مصطفیٰ کمال

Published On 11 July,2025 07:23 pm

کراچی:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ 21 جولائی کو ہیلتھ سے متعلق فیس لیس سسٹم کا افتتاح کریں گے۔

شہر قائد سے جاری اپنے ایک بیان میں مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ بڑھتی آبادی کی وجہ سے ہی ملکی انفراسٹرکچربہتر نہیں ہو رہا، ہر سال زچگی کے دوران 11 ہزار مائیں زندگی ہار جاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر ہیپاٹائٹس میں  پہلے نمبر پر ہیں، ملک بھر میں 68 فیصد بیماریاں گندے پانی سے پیدا ہوتی ہیں، ہمارا ماحول مریض بنانے کی فیکٹری ہے، ہماری توجہ مکمل طور پر بیماریوں سے بچاؤ پر مرکوز ہے۔

وفاقی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ یہ سارا نظام الٹ چل رہا ہے جس پرنظرِ ثانی کرنے کی ضرورت ہے،این ایف سی ایوارڈ کی تقسیم چار فارمولوں پر ہوتی ہے، آبادی کے فارمولے پر 82 فیصد فنڈز جاری کیے جاتے ہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ آبادی کے فارمولے کا شیئر 50 فیصد تک کیا جائے۔

مصطفیٰ کمال کا مزید کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم پاکستان 21 جولائی کو ہیلتھ سے متعلق فیس لیس سسٹم کا افتتاح کریں گے،پاکستان میں وہیل چیئر سے لے کر ایم آر آئی مشین کی امپورٹ بغیر انسانی رابطے کے ہو سکے گی۔