اسلام محبت والفت کا دین

Published On 11 July,2025 10:38 am

لاہور: (ڈاکٹر مفتی محمد کریم خان) اسلام محبت و الفت کا دین ہے، یہ ان عوامل اور اسباب کی طرف رہنمائی کرتا ہے، جن کی وجہ سے باہمی الفت و محبت پروان چڑھتی ہے، شیطانی طاقتوں کو یہ بات قطعاً گوارا نہیں کہ مسلمان آپس میں پیار و محبت سے زندگی گزاریں، وہ دن رات کوشش کرتے ہیں کہ ان کی محبت کو نفرت میں اور قربت کو دوری میں بدل دیں، مسلمانوں میں بغض و عداوت پیدا کرنا اور ان کے اتحاد و اتفاق کو پارہ پارہ کرنا اس کی اوّلین ترجیح ہے۔

اسلام نے نفرت کا سبب بننے والے ان تمام تر اقوال وافعال کی بیخ کنی کی اور ان پر سخت وعیدیں سنائیں تاکہ ایسے ان تمام عناصر کی حوصلہ شکنی ہو، جو کسی بھی اعتبار سے مسلمانوں کے بارے میں اپنے دلوں میں نفرت رکھتے ہیں یا نفرت انگیز چیزوں کو رواج دیتے ہیں، ذیل میں چند ان اسباب کا ذکر کیا جا رہا ہے جن کی وجہ سے آپس میں نفرتیں پھیلتی ہیں تاکہ ان سے بچا جا سکے اور ان اسباب کا ذکر کیا جائے گا جن کی وجہ سے نفرتیں محبتوں میں تبدیل ہوسکتی ہیں تاکہ ان کو اختیار کیا جا سکے۔

باہمی نفرت کے اسباب
وہ اسباب جن کی وجہ سے ایک انسان دوسرے سے نفرت کرنے لگتا ہے، ان میں سے چند درج ذیل ہیں۔

سخت رویہ: بلا وجہ سختی کرنے والے لوگ کبھی دوسروں کو اپنے قریب نہیں کر سکتے اور نہ ہی ان کے دلوں میں اپنا احترام اور محبت پیدا کر سکتے ہیں، بات بات پر ڈانٹنا، جھڑک دینا، خونی رشتوں کو بھی توڑ دیتا ہے جبکہ نرم لہجہ ،نرم گفتگو اور اچھا اخلاق ایسی چیزیں ہیں جن کی وجہ سے غیر بھی دوست بن جاتے ہیں۔

اللہ تعالیٰ نے اپنے حبیب مکرمﷺ سے فرمایا: (اے حبیبِؐ!) پس اللہ کی کیسی رحمت ہے کہ آپؐ ان کیلئے نرم طبع ہیں، اور اگر آپؐ تندخو (اور) سخت دل ہوتے تو لوگ آپؐ کے گرد سے چھٹ کر بھاگ جاتے، سو آپﷺ ان سے درگزر فرمایا کریں اور ان کیلئے بخشش مانگا کریں (آل عمران:159)۔ سخت مزاج لوگوں کو جہنم کی وعید سنائی گئی ہے رسول اکرمﷺ نے فرمایا: کیا میں تمہیں اہل جہنم کی خبر نہ دوں؟ وہ سخت مزاج، بدخواور تکبر کرنے والے ہیں(صحیح بخاری:4918)۔

لوگوں کو اذیت دینا، نفرت اور دوری کا باعث بنتا ہے، انسان تو انسان جانور بھی اذیت دینے والے افراد سے دور بھاگتے ہیں، ایسے افراد کو نبی کریمﷺ کے مبارک فرامین پر غور کرنا چاہیے، آپﷺ نے فرمایا: ’’اللہ کے ہاں، قیامت کے دن، مرتبے کے اعتبار سے ،سب سے بد تر وہ شخص ہوگا جس کو لوگ اس کے شر کی وجہ سے چھوڑ دیں‘‘(صحیح بخاری: 6232)۔

نبی کریمﷺ کا ارشاد گرامی ہے: جس نے مسلمان کو تکلیف دی، اس نے مجھے تکلیف دی اور جس نے مجھے تکلیف دی، اس نے اللہ تعالیٰ کو تکلیف دی (معجم الاوسط: 3607)، یعنی جس نے اللہ تعالیٰ کو تکلیف دی بالآخر اللہ تعالیٰ اسے عذاب میں گرفتار فرمائے گا، حضرت علیؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول کریمﷺ نے فرمایا: ’’ وہ شخص ہمارے گروہ میں سے نہیں ہے جو مسلمان کو دھوکا دے، تکلیف پہنچائے یا اس کیساتھ مکر کرے (کنزالعمال: 7822)۔

وہ لوگ جو ہمسائیگی میں رہتے ہیں وہ اگر کوئی ان سے پریشان ہے تو انہیں اپنے ایمان کی فکر کرنی چاہیے، نبی کریمﷺ کا ارشاد گرامی ہے: ’’اللہ کی قسم وہ مومن نہیں، اللہ کی قسم وہ مومن نہیں، اللہ کی قسم وہ مومن نہیں، پوچھا گیا کون ہے وہ؟ آپﷺ نے فرمایا: جس کا ہمسایہ اس کی اذیت سے محفوظ نہیں‘‘ (صحیح بخاری:6016)

غرور و تکبر
متکبر شخص کبھی لوگوں کی نظر میں قابل احترام نہیں بن سکتا، لوگ اسے نفرت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، متکبر خود کو دوسروں سے بہتر اور اعلیٰ خیال کرتا ہے، تکبر کبھی مال و دولت کی وجہ سے، کبھی عہدہ و منصب کی وجہ سے اور کبھی حسن و خوبصورتی کی وجہ سے ہوتا ہے، تکبر کی اسلام نے شدید مذمت کی ہے۔

رسول کریمﷺ کا فرمان ہے: جس شخص کے دل میں ذرہ برابر بھی تکبر ہو، وہ جنت میں داخل نہیں ہوگا، ایک شخص نے عرض کیا ایک شخص یہ پسند کرتا ہے کہ اس کا لباس اچھا ہو اس کا جوتا اچھا ہو، تو آپﷺ نے فرمایا: اللہ خوبصورت ہے خوبصورتی کو پسند کرتا ہے، تکبر حق بات کو ٹھکرانا اور لوگوں کو حقیر سمجھنا ہے (صحیح مسلم: 91)، رسول اللہ ﷺکا فرمان ہے: ’’کسی بھی شخص کے برا ہونے کیلئے یہی کافی ہے کہ وہ اپنے مسلمان بھائی کو حقیر سمجھے(صحیح مسلم: 2564)

طعنہ زنی اور مذاق اڑانا
بعض لوگ دوسروں کو ان کی غربت، ان کی برادری، رنگ ونسل یا کسی پیدائشی نقص کا طعنہ دیتے ہوئے نظر آتے ہیں، کبھی کسی عمل کی وجہ سے یا کسی غلطی کی وجہ سے مذاق اڑا کر فخر محسوس کرتے ہیں، ایسا رویہ رکھنے والوں سے لوگ نفرت کرتے ہیں اور ان سے دور بھاگتے ہیں، حدیث میں ہے، آپﷺ نے فرمایا : ’’مومن طعنہ زنی کرنے والا، لعنت کرنے والا نہیں ہوتا (الادب المفرد، ص237)۔

قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ نے دوسروں کا مذاق اڑانے سے واضح الفاظ میں منع فرمایا ہے، ارشادباری تعالیٰ ہے: ’’اے ایمان والو! کوئی قوم کسی قوم کا مذاق نہ اڑائے، ممکن ہے وہ لوگ ان (تمسخر کرنے والوں) سے بہتر ہوں، اور نہ عورتیں ہی دوسری عورتوں کا (مذاق اڑائیں)، ممکن ہے وہی عورتیں اُن (مذاق اڑانیوالی عورتوں) سے بہتر ہوں‘‘ (الحجرات11:49)۔

دھوکہ اور مکر و فریب
دھوکہ دینے اور مکر و فریب کرنے والے افراد دوسروں کی نظروں سے گر جاتے ہیں، دھوکہ دینے والا نہ صرف اپنا اعتماد کھو دیتا ہے بلکہ وہ لوگوں کی نظر میں اس قدر معیوب ہو جاتا ہے کہ لوگ اسے اچھے الفاظ سے یاد نہیں کرتے، رسول اللہ ﷺ کا فرمان ہے: جس نے ہم سے دھو کہ کیا، وہ ہم میں سے نہیں، مکر اور دھوکہ دینے والا آگ میں ہے(صحیح ابن حبان: 5559)۔

حضرت ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا: جو شخص ہم پر ہتھیار اٹھائے وہ ہم میں سے نہیں ہے، جو شخص ہمیں دھوکہ دے وہ ہم میں سے نہیں (صحیح مسلم: 283)۔ عصرحاضرمیں دھوکہ ایک معمول بن چکا ہے عیب دار اور خراب چیزیں بڑی چالاکی سے لوگوں کو بیچ دی جاتی ہیں۔ خراب اور ملاوٹ شدہ چیزیں اصلی اور خالص ظاہر کر کے بیچ دی جاتی ہیں، حالانکہ اس طریقے سے اشیاء بیچنا شریعت اسلامی کے تجارتی اصولوں کے برعکس ہے۔

نفرتوں کے خاتمے کا حل

نفرتوں کومٹانے اور محبت والفت کوپروان چڑھانے والے امور حسب ذیل ہیں۔

سلام کہنا
سلام ایک مسلمان کا دوسرے کیلئے تحفہ اور حق ہے، شریعت اسلامیہ نے اسے امت مسلمہ کی باہمی محبت اور الفت کا ذریعہ قرار دیا ہے، جب ایک شخص دوسرے کو سلام کہتا ہے تو یہ اس کیلئے سلامتی، رحمت اور برکت کی دعا کرتا ہے، جب یہ دُعا دل سے اٹھتی ہے تو محبت کا باعث بنتی ہے، کتنے ایسے ہیں جو سلام تو کہتے ہیں لیکن اس کے باوجود ایک دوسرے کو دیکھنا پسند نہیں کرتے، سلام دل سے کہا جائے تو پھر محبت پیدا ہوتی ہے۔

نبی کریمﷺ کا فرمان ہے: تم اس وقت تک جنت نہیں جا سکتے جب تک مومن نہ بن جاؤ تم اس وقت تک مومن نہیں ہو سکتے جب تک تم آپس میں محبت نہ کرنے لگو، کیا میں تمہیں ایسی چیز نہ بتلاؤں جب تم اسے اختیار کرو تو آپس میں محبت کرنے لگ جاؤ گے، آپس میں سلام عام کیا کرو (صحیح بخاری:54)

مسکرا کر ملنا
دوسروں کو مسکرا کر اور خندہ پیشانی سے ملنا بھی ایک صدقہ ہے، مسکراہٹ بہت قیمتی سرمایا ہے جبکہ اس پر کچھ خرچ نہیں ہوتا بلکہ اس پر اجر و ثواب ملتاہے، رسول کریمﷺ نے فرمایا: ’’اپنے بھائی سے تمہارا مسکرا کر ملنا بھی ایک صدقہ ہے‘‘ (جامع ترمذی: 1956)۔

ملاقات اور تیمارداری کیلئے جانا
اللہ تعالیٰ کی رضا کیلئے، بغیر کسی دنیاوی مفاد کے، مسلمان بھائی سے ملاقات یا تیمارداری کیلئے جانا ایک انتہائی عظیم عمل ہے، اس سے محبت پیدا ہوتی ہے، دوسرے کے دل میں احترام بھی بڑھتا ہے اور جنت میں گھر کی نوید بھی ملتی ہے۔

رسول اللہﷺکا فرمان ہے: ’’ جس نے مریض کی عیادت کی یا کسی مسلمان بھائی کی زیارت کی تو اس کو ایک آواز دینے والا آواز دیتا ہے، تمہاری زندگی مبارک ہو ،تمہارا چلنا مبارک ہو اور تم نے جنت میں ایک گھر حاصل کر لیا‘‘(جامع ترمذی: 2008)

تحائف کا تبادلہ
معاشرتی زندگی میں پیار و محبت بڑھانے میں باہمی ہدایا و تحائف وغیرہ کے تبادلے کو بڑی اہمیت حاصل ہے، تحفہ محبت کی کنجی ہے، تحفہ محبت کو پروان چڑھاتا ہے، دوست احباب، عزیز و اقارب، رشتہ داروں، محلے داروں اور استاد شاگرد سے خلوص و محبت کا اظہار کرنے اورمحبت کو اور زیادہ بڑھانے کیلئے تحفے تحائف اور ہدایا وغیرہ کا تبادلہ باہمی دلوں کے جوڑنے اورباہمی رنجشوں اورنفرتوں کو مٹانے کا عمل ہے، رسول اللہﷺنے ارشاد فرمایا : ’’ایک دوسرے کو تحفے دیا کرو (تاکہ) باہمی محبت قائم ہو سکے‘‘ (موطا امام مالک:1264)۔

حضرت ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے ارشاد فرمایا : ’’آپس میں ہدیے، تحفے دیا کرو، کیونکہ ہدیہ سینوں کی کدورت و رنجش(نفرتوں) کو دور کرتا ہے اور ایک پڑوسی دوسری پڑوسی کے ہدیہ کو حقیر نہ سمجھے، اگرچہ وہ بکری کے کھر ہی (کا ہدیہ) کیوں نہ ہو (جامع ترمذی: 2130)۔

خیر خواہی کرنا
دین اسلام خیر خواہی کا دین ہے، انسان جس طبقے سے بھی تعلق رکھتا ہے اس کے ساتھ خیر خواہی کا سلسلہ جاری رکھنا چاہیے، دینی اعتبار سے بھی اور دنیاوی اعتبار سے بھی، خیر خواہی کے سب سے زیادہ حق دار گھر کے افراد ہیں، جہاں ان کی دنیا کی بہتری کیلئے کوشش اور محنت کی جاتی ہے تو وہاں ان کی دینی اعتبار سے بھی خیر خواہی کی جائے، دینی اعتبار سے خیر خواہی نہ کرنے والا قریبی ہو کر بھی دشمن ہی رہتا ہے، اس لیے کہ جس کو آپ کی آخرت کی فکر نہیں تو آپ کا خیر خواہ کیسے ہو سکتا ہے۔

حضرت جریر بن عبداللہؓ فرماتے ہیں کہ میں نے رسول اللہﷺ سے نماز کے قائم کرنے، زکوٰۃ کے ادا کرنے اور ہر مسلمان کی خیر خواہی کرنے پر بیعت کی۔ (صحیح بخاری:57)

قرآن وحدیث کی روشنی میں سخت رویہ، دوسروں کو اذیت دینا، غرور و تکبر، طعنہ زنی، مذاق اڑانا، دھوکہ دینا اور مکرو فریب نفرتوں کے بنیادی اسباب ہیں، ان کی بجائے ایک دوسرے کوسلام کہنا، مسکرا کر ملنا، بڑوں سے ملاقات کرنا، بیمار کی تیمارداری کرنا،تحائف کا تبادلہ کرنا، دوسروں کی خیرخواہی اور حسن سلوک محبتوں اور الفتوں کوپروان چڑھاتے ہیں، اس وقت مسلمانوں کو بالعموم اور پاکستانی معاشرہ کو بالخصوص نفرتوں سے بچنے اور محبتوں کو پروان چڑھانے کی ضرورت ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں عمل کی توفیق عطا فرمائے۔

مفتی ڈاکٹر محمد کریم خان صدر اسلامک ریسرچ کونسل ہیں، 30 سے زائد کتب کے مصنف ہیں، ان کے ایچ ای سی سے منظور شدہ 35 مقالے بھی شائع ہو چکے ہیں۔