بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کا ہر جگہ پیچھا کرکے انجام تک پہنچائیں گے: محسن نقوی

Published On 11 July,2025 03:55 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان کے علاقے سرہ ڈاکئی میں دہشتگردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واقعہ کو فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سفاکیت کی انتہا ہے، انہوں نے اس دلخراش واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی۔

محسن نقوی نے کہا کہ ہم دکھ کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں، انہوں نے کہا کہ بے گناہ اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنا کر دشمن نے اپنی درندگی اور بدترین بربریت کا مظاہرہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم ان بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں اور ان کے مقامی آلہ کاروں کا ہر جگہ پیچھا کریں گے اور انہیں انجام تک پہنچائیں گے، قوم کی مکمل حمایت اور اعتماد کے ساتھ ریاست تمام سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھاکہ پاکستان کے امن، استحکام اور سالمیت کے خلاف کی جانے والی سازشوں کو بھی ناکام بنایا جائے گا۔