اداکارہ حمیرا اصغر کے اہل خانہ میت وصولی کیلئے کراچی پہنچ گئے

Published On 10 July,2025 09:46 pm

کراچی: (دنیا نیوز) اداکارہ حمیرا اصغر کے لواحقین لاش وصول کرنے کیلئے رضامند ہوگئے، میت لینے کے لیے بھائی اور بہنوئی کراچی پہنچ گئے۔

ذرائع کے مطابق اداکارہ حمیرہ اصغر کی لاش وصول کے لیے ان کے اہل خانہ نے رضامندی ظاہر کردی، میت وصولی کے لیے بھائی اور بہنوئی کراچی پہنچ گئے اور ایس ایس پی ساؤتھ سمیت دیگر پولیس افسران سے ملاقات کی، پولیس کی جانب سے لیٹر ملنے کے بعد اہل خانہ حمیرا کی لاش وصول کریں گے۔

قبل ازیں اس سے قبل اداکارہ حمیرا اصغر کے والد نے ان کی لاش وصول کرنے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد ان کے بہنوئی نے پولیس سے لاش وصول کرنے کیلئے رابطہ کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: اداکارہ حمیرا اصغر کا قتل ہوا، مقدمہ درج کیا جائے، شہری نے درخواست دائر کر دی

پولیس نے لاش انہیں دینے سے انکار کردیا تھا اور کہا تھا کہ حمیرا اصغر کی میت ان کے خونی رشتے دار کو ہی دی جائے گی، اداکارہ کی تدفین کب اور کہاں ہوگی اس کا فیصلہ اہل خانہ کریں گے۔

یاد رہے کہ کراچی کےعلاقے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی میں واقع فلیٹ سے معروف اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر کی کئی روز پرانی لاش ملی ہے۔

ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی نے کہا کہ ڈیفنس فیز 6 سے ملنے والی اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش ممکنہ طور پر 6 ماہ سے زائد پرانی لگتی ہے، حتمی طور پر حقائق میڈیکل رپورٹ میں سامنے آئیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: اداکارہ کے موبائل میں آخری میسیج کرنیوالے ڈرائیور نے بیان قلمبند کرا دیا

مہزور علی نے کہا کہ اداکارہ کے فلیٹ سے ملنے والے کھانے پینے کے سامان پر ایکسپائری تاریخ 2024 کی درج ہے، اداکارہ کے فلیٹ سے ملنے والا سامان 2024 کے آخری ماہ میں ایکسپائر ہو چکا ہےم اداکارہ کے فون ریکارڈ میں بھی آخری کالز اور میسجز 2024 کے ہیں، اداکارہ کے فون کے میسجز ستمبر اور اکتوبر 2024 کے ہیں۔

ایس ایس پی ساؤتھ نے مزید بتایا کہ ممکنہ طور پر اگر کوئی دوسرا موبائل فون ہے تو اس کی تلاش جاری ہے، اداکارہ کے موبائل فونز میں آخری میسج نجی آن لائن ٹیکسی ڈرائیور کا ہے، اداکارہ کے گھر کی بجلی بھی کافی عرصے سے کٹی ہوئی ہے، اداکارہ کا فلیٹ کا مالک سے آخری رابطہ بھی 2024 میں ہوا تھا۔

مہزور علی نے کہا ہے کہ اب تک کی میڈیکل رپورٹ میں اداکارہ کے جسم پر کوئی نشانات موجود نہیں ہیں۔