اداکارہ حمیرا اصغر کا قتل ہوا، مقدمہ درج کیا جائے، شہری نے درخواست دائر کر دی

Published On 10 July,2025 04:42 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر علی کی لاش گھر سے برآمد ہونے کا معاملہ، کراچی کے شہری شاہزیب سہیل نے واقعے کا مقدمہ درج کروانے کیلئے درخواست دائر کر دی۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ حمیرا اصغر علی کی موت طبعی نہیں بلکہ اسے قتل کیا گیا ہے، پولیس نے بھی واقعہ کو مشکوک بتایا ہے۔

شہری نے درخواست میں کہا کہ اس واقعہ کی وجہ سے عام لوگوں میں تشویش پائی جاتی ہے، حمیرا اصغر علی ایک بااثر خاتون تھی، وقوعہ کی ویڈیو دیکھ کر ایسا معلوم ہوتا ہے جیسے ان کا قتل کیا گیا ہو۔

درخواست کے مطابق اداکارہ کے خاندان کا ان کے ساتھ قطع تعلق ہونا بھی حیرت میں مبتلا کرتا ہے، عدالت سے استدعا ہے کہ مقدمہ میں ان کے خاندان کو بھی نامزد کر کے تحقیقات کروائی جائیں۔

شہری نے درخواست میں کہا کہ قانونی طور پر جو بھی ممکنہ کوشش کی جا سکتی ہے عدالت کی جانب سے کی جائے، درخواست میں ایس ایس پی ساؤتھ اور ایس ایچ او گزری کو فریق بنایا گیا ہے۔