لاہور: (دنیا نیوز) شاہدرہ میں موٹرسائیکل سواروں کو کچلنے والے کم عمر کار ڈرائیورکا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا گیا، عدالت نے ملزم کو پولیس کے حوالے کردیا۔
پولیس نے کم عمر ڈرائیور حاشر عمر کو جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو پیش کر دیا، پولیس حکام نے کہا کہ ملزم کی عمر کا تعین اور ذہنی معائنہ کروانے کیلئے ٹیسٹ کروانے ہیں، عدالت سے استدعا ہے کہ ملزم حاشر عمر کو4 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا جائے۔
ملزم حاشر عمر کے وکیل نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کردی، وکیل نے عدالت میں کہا کہ میرا مؤکل کم عمر ہے اس کا جسمانی ریمانڈ نہیں دیا جاسکتا۔
عدالت نے تاہم ملزم حاشر کا 4روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے اسے پولیس کے حوالے کردیا اور کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ کمسن کار ڈرائیور نے 3 موٹر سائیکلوں کو کچل دیا تھا جس کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ پانچ افراد شدید زخمی ہوئے تھے، جاں بحق نوجوان امین اور شدید زخمی ہونے والا فرید دونوں حقیقی بھائی تھے، امین واپڈا میں ملازم تھا۔