ہری پور: سوتیلی ماں نے 8 سالہ بچے کو مبینہ تشدد کر کے قتل کردیا

Published On 08 July,2025 12:05 pm

ہری پور: (ویب ڈیسک) ہری پور میں سوتیلی ماں نے 8 سالہ بچے کو مبینہ تشدد کے بعد سر پر ڈنڈے مار کر قتل کردیا۔

رپورٹ کے مطابق مقتول ریحان کی حقیقی والدہ سے والد کی علیحدگی کے بعد کچھ عرصہ قبل گرفتار ملزمہ سے شادی ہوئی، سوتیلی والدہ اکثر اوقات بچے پر تشدد کرتی رہتی تھی، والد عنصر حسین کی رپورٹ پر مقدمہ درج کر کے خاتون کو گرفتار کرلیا گیا۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز ہری پور کے نواحی علاقہ کوٹ نجیب اللہ کی حدود محلہ کٹھہ میں 8 سالہ بچہ کی لاش گھر سے برآمد ہوئی جس کو ٹراما سنٹر منتقل کیا گیا۔

مقتول بچے کے والد عنصر حسین نے پولیس کو رپورٹ درج کراتے ہوئے بتایا کہ میرے 8 سالہ بیٹے ریحان عنصر کو اس کی سوتیلی ماں ہما بی بی نے تشدد کے بعد سر پر ڈنڈوں کے وار کر کے قتل کیا، پولیس نے ملزمہ ہما بی بی کے خلاف ایف آئی اے درج کر کے گرفتار کرلیا۔

والد عنصر حسین کا الزام تھا کہ میری عدم موجودگی پر بچے پر تشدد کیا جاتا رہا ہے، پولیس نے مقدمہ کرنے اور ملزمہ کو گرفتار کرنے کے بعد لاش کو تدفین کے لیے ورثا کے حوالہ کردیا۔