ایبٹ آباد:(دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کے ضلع ایبٹ آباد میں گھر کے مالک کے مبینہ تشدد سے 14 سالہ گھریلو ملازمہ اقرا جاں بحق ہو گئی۔
پولیس کے مطابق مبینہ طور پر اقرا کو زیادتی اور تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کرنے والے ملزم حارث لطیف کو گرفتار کر لیا گیا، جاں بحق ہونے والی کم عمر لڑکی گزشتہ ایک برس سے ملزم کے گھر پر ملازمت کر رہی تھی۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ میں یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ ملزم حارث لطیف 14 سالہ اقرا کو کافی عرصے زیادتی کا نشانہ بنا رہا تھا، جب کہ لڑکی پر تشدد کی بھی تصدیق ہوئی ہے، ہسپتال کے ڈی ایم ایس ڈاکٹر راحیل کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ مقتولہ اقرا کو اکثر بھوکا پیاسا رکھا جاتا تھا۔
پولیس حکام نے مزید بتایا لڑکی کا والد ہوٹل پر معمولی ملازمت کرتا ہے جسے پولیس کے ذریعے ہی اس کی بیٹی کے انتقال کی خبر دی گئی۔
دوسری جانب ڈی ایس پی سراج خان کے مطابق گرفتار ملزم کو تھانے منتقل کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔