راولپنڈی: ٹک ٹاک اکاؤنٹ ڈیلیٹ نہ کرنے پر سفاک باپ نے بیٹی کو قتل کر دیا

Published On 09 July,2025 10:57 am

راولپنڈی: (دنیا نیوز) راولپنڈی کے تھانہ روات کے علاقہ میں 16 سالہ لڑکی کو ٹک ٹاک اکاؤنٹ ڈیلیٹ نہ کرنے پر غیرت کے نام پر باپ نے قتل کر دیا جس کا مقدمہ پولیس مدعیت میں درج کر لیا گیا۔

مقدمے میں موقف اختیار کیا گیا کہ اطلاع ملی ڈھوک چوہدریاں داخلی تخت پڑی روات میں اخلاق احمد نے اپنی بیٹی مسماۃ مہک شہزادی کو ٹک ٹاک اکاؤنٹ ڈیلیٹ کرنے کا کہا لیکن بیٹی نے اکاؤنٹ ڈیلیٹ نہ کیا جس پر اخلاق احمد نے طیش میں آکر غیرت کے نام پر اپنی بیٹی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔

مذکورہ نے فساد فی الارض کا ارتکاب کیا اور موقع سے فرار ہوگیا، پولیس حکام کا کہنا تھا کہ اہل خانہ نے واقعہ کو خودکشی ظاہر کرنے کی کوشش کی تھی۔

پولیس نے تحقیقات کیں تو واقعہ قتل کا نکلا، نعش کا پوسٹ مارٹم کرایا گیا ہے، ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لئے گئے ہیں اور تمام زاویوں پر تحقیقات کی جا رہی ہیں۔