کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن مومن آباد چوک پر نامعلوم ملزموں کی فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔
واقعہ کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری اور امدادی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں، امدادی ٹیموں نے فوری طور پر لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا، پولیس حکام کے مطابق واقعے سے متعلق مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں، ابتدائی معلومات کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے۔
حکام کے مطابق فائرنگ سے جاں بحق ہونے والوں کی شناخت غوث الدین عرف عمران، گلبد خان اور امین کے ناموں سے ہوئی ہے، ابتدائی تفتیش کے مطابق مقتول غوث الدین اپنی بیٹی کے سسرال اپنے دو دوستوں کے ہمراہ گیا تھا، جہاں اس کا اپنے داماد حمید سے جھگڑا ہوا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جھگڑے کے دوران حمید نے مبینہ طور پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں غوث الدین اور اس کے 2 ساتھی موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے، واقعے کے بعد ملزم حمید اپنے بھائی رحمت اللہ کے ہمراہ فرار ہو گیا۔
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کے والد شاہ جہاں سمیت دو افراد کو حراست میں لے لیا ہے، جبکہ جائے وقوعہ سے ایک نائن ایم ایم پستول بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
ملزم کے اہل خانہ کا دعویٰ ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں حمید بھی زخمی ہوا ہے، تاہم پولیس نے اس دعوے کی تصدیق یا تردید نہیں کی، پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔