لکی مروت: (دنیا نیوز) لکی مروت میں نامعلوم افراد کی کار پر فائرنگ سے شہاب خیل امن کمیٹی کے صدر سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق لکی مروت کے علاقے وانڈہ کڑہ کے قریب نامعلوم افراد نے کار پر اندھا دھند فائرنگ کر کے شہاب خیل امن کے صدر غلام دستگیر کو دو ساتھیوں سمیت قتل کر دیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ غلام دستگیر کو دہشت گردوں نے اس وقت فائرنگ کا نشانہ بنایا جب وہ دو ساتھیوں سمیت کار میں قبول خیل ایک تنازع کے تصفیہ کیلئے جا رہے تھے، جاں بحق افراد میں غلام دستگیر، سلیم خان اور صلاح الدین شامل ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق تینوں نعشیں پوسٹ مارٹم کیلئے سرائے نورنگ ہسپتال منتقل کر کے کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ مقتول غلام دستگیر وانڈہ شہاب خیل کی مقامی امن کمیٹی کے صدر بھی تھے اور بدامنی کو روکنے کیلئے روزانہ رات کو سینکڑوں ساتھیوں سمیت علاقے میں مسلح گشت کرتے تھے۔