دورہ بنگلادیش اور ویسٹ انڈیز: قومی کرکٹ ٹیم کے تربیتی کیمپ کا آج سے آغاز

Published On 09 July,2025 03:48 am

کراچی: (دنیا نیوز) دورہ بنگلادیش اور ویسٹ انڈیز کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ آج سے کراچی میں شروع ہوگا۔

قومی کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ 15 جولائی تک جاری رہے گا جس میں کھلاڑیوں کی فٹنس اور سکلز پر خصوصی توجہ دی جائے گی، کوچنگ سٹاف کی زیر نگرانی مختلف سیشنز ہوں گے، جن میں نیٹ پریکٹس اور فیلڈنگ ڈرلز شامل ہیں۔

قومی ٹیم 16 جولائی کو بنگلادیش روانہ ہوگی، دورے میں قومی ٹیم پہلے بنگلادیش اور پھر ویسٹ انڈیز کے خلاف محدود اوورز کی سیریز کھیلے گی۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلادیش کے خلاف ٹی 20 سیریز کے لئیے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، پی سی بی کے سی او او سمیر احمد سید اور چیئرمین کے مشیر عامر میر نے سکواڈ کا اعلان کیا تھا۔

سیریز میں سلمان علی آغا قومی ٹیم کی قیادت کریں گے، دیگر کھلاڑیوں میں ابرار احمد، احمد دانیال، فہیم اشرف، فخر زمان، حسین طلعت، خوشدل شاہ، عباس آفریدی، صاحبزادہ فرحان، محمد حارث، صائم ایوب، سلمان مرزا، محمد نواز، حسن نواز اور سفیان مقیم شامل ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان یہ سیریز ورلڈ کپ سے قبل کھلاڑیوں کے کمبی نیشن کو جانچنے کا اہم موقع ثابت ہو گی، سیریز کا مقصد ناصرف جیت بلکہ نئے کھلاڑیوں کی آزمائش بھی ہے۔