مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح کو دنیا سے رخصت ہوئے 58 سال بیت گئے

Published On 09 July,2025 01:26 am

کراچی: (دنیا نیوز) مادر ملت فاطمہ جناح کو دنیا سے رخصت ہوئے 58 سال بیت گئے، ان کی برسی آج منائی جا رہی ہے۔

محترمہ فاطمہ جناح نے قائداعظم کے شانہ بشانہ ہر قدم پر تحریک پاکستان کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا، پاکستانی قوم ان کی لازوال خدمات پر انہیں آج بھی سلام پیش کرتی ہے۔

قائد اعظم کی سب سے چھوٹی اور لاڈلی بہن فاطمہ جناح 31 جولائی 1893 کو کراچی میں پیدا ہوئیں تحریک آزادی میں ان کے اہم کردار کے باعث وہ مادر ملت کہلائیں، انہوں نے 1919ء میں کولکتہ یونیورسٹی سے ڈینٹل سرجری کا امتحان پاس کیا اور ابتدا میں بمبئی میں بطور ڈینٹل سرجن خدمات انجام دیتی رہیں۔

1929ء میں قائد اعظم کی اہلیہ کے انتقال کے بعد محترمہ فاطمہ جناح نے سیاست میں عملی کردار ادا کرنا شروع کیا، برصغیر کی مسلمان خواتین کی رہنمائی کے لئے انہوں نے اپنے دن رات وقف کئے اور انہیں جدوجہد آزادی کے لئے متحرک کیا۔

فاطمہ جناح نے قیام پاکستان کے بعد ویمنز ریلیف کمیٹی تشکیل دی جو بعد میں آل پاکستان ویمن ایسوسی ایشن کی بنیاد بنی، فاطمہ جناح 60 کی دہائی میں ایک بار پھر سیاسی منظر نامے پر ابھریں اور 1960ء سے 1967ء تک اپوزیشن لیڈر رہیں۔

محترمہ فاطمہ جناح 9 جولائی 1967ء کو 73 برس کی عمر میں کراچی میں اپنی رہائش گاہ پر مردہ حالت میں پائی گئیں، آپ کا مزار قائد اعظم کے مزار کے احاطے میں ہے، پاکستانی قوم ان کی لازوال خدمات پر انہیں آج بھی سلام پیش کرتی ہے۔