کراچی: (دنیا نیوز) کراچی ایئرپورٹ پر طیاروں کے لئے پھر نیا خطرہ بڑھ گیا، پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے تمام ایئرلائنز کے کپتانوں کو خبردار کردیا۔
پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کے مطابق مون سون سیزن ہے، ایک بار پھر کراچی ایئرپورٹ اور اطراف میں بڑی تعداد میں پرندے موجود ہیں، طیاروں کے محفوظ فلائٹ آپریشن کے لئے تمام پائلٹس کو دوران لینڈنگ اور ٹیک آف سخت احتیاط کی ہدایت کردی گئی۔
پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے نیا نوٹم جاری کردیا، پرندے طیاروں کے لئے بڑے حادثے کا سبب بن سکتے ہیں، طیاروں سے پرندے ٹکرانے سے طیاروں کو نقصان ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بھی کراچی ایئرپورٹ پر 2 طیاروں سے پرندے ٹکرا گئے تھے تاہم پرندے ٹکرانے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا، پہلا واقعہ ایک غیر ملکی ائیرلائن کی پرواز کے ساتھ پیش آیا تھا جبکہ دوسرا واقعہ ایک نجی ایئرلائن کی لاہور سے کراچی پہنچنے والی پرواز کے ساتھ لینڈنگ کے دوران پیش آیا تھا۔
نجی ایئرلائن کی پرواز میں 150 سے زائد مسافر سوار تھے تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا، دونوں واقعات میں طیاروں کو جزوی نقصان پہنچنے کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔
ڈی جی ایئرپورٹ اتھارٹی نے فوری طور پر کراچی ایئرپورٹ پر فیومیگیشن کرانے اور اضافی برڈ شوٹر تعینات کرنے کی ہدایت جاری کی تھیں تاکہ مستقبل میں اس نوعیت کے واقعات سے بچا جاسکے۔