فیصل آباد: (دنیا نیوز) سابق وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد رانا اقرار احمد خان کے خلاف انٹی کرپشن فیصل آباد میں پرچہ درج کر لیا گیا۔
سابق وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد رانا اقرار احمد خان پر انٹی کرپشن کی گرفت سخت ہو گئی۔ انٹی کرپشن پنجاب کے مطابق رانا اقرار کروڑوں روپے کی کرپشن، اقربا پروری اور اختیارات کے غلط استعمال جیسی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہیں۔ رانا اقرار نے بطور وائس چانسلر رُقعہ پر اپنے خاص لوگ بھرتی کئے۔ انٹی کرپشن پنجاب کے مطابق گولڈ میڈلسٹ اور میرٹ والے رُلتے رہے جبکہ سفارش اور پیسے والے نوکریاں لے اُڑے۔
رانا اقرار احمد تقریباً 9سال بلا شرکت غیر زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر رہے اور کرپشن کی نئی تاریخ رقم کرتے رہے۔ ملزم رانا اقرار نے اپنے دور میں 608 غیر قانونی بھرتیاں کیں۔ رانا اقرار نے غیر قانونی طور پر 138 گزٹیڈ اور 470 نان گزٹیڈ بھرتیاں کیں۔ غیر قانونی اور پرچی پر بھرتیاں کرکے ملزم نے قومی خزانے کو تقریباً 42 کروڑ کا نقصان پہنچایا ۔
ملزم ایک وقت میں دو دو تنخواہیں وصول کرتے رہے۔ رانا اقرار نے وائس چانسلر کے ساتھ ساتھ غیر ملکی این جی او کے پراجیکٹ ڈائریکٹر لگ کر ساڑھے بیالیس لاکھ تنخواہ وصول کی۔ ملزم نے چانسلر کی منظوری کے بغیر 90لاکھ روپے اپنے آپ کو اعزازیہ دیا۔