لاہور: (دنیا نیوز) لاہورمیں اجتماعی زیادتی کا ایک اور واقعہ سامنے آ گیا، دو افراد نے نوکری کا جھانسہ دے کر خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔
تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ کی رہائشی لڑکی کو نوکری کا جھانسہ دے کر ملزم حسن اور عرفان نے لاہور بلایا۔ متاثرہ لڑکی کے مطابق ملزموں نے ریلوے سٹیشن کے قریب ایک ہوٹل میں اس کے ساتھ زیادتی کی۔
تھانہ نولکھا پولیس نے متاثرہ لڑکی کی درخواست پر مقدمہ درج کر لیا۔ آئی جی پنجاب انعام غنی نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور عمر شیخ سے رپورٹ طلب کر لی۔
یہ بھی پڑھیں: تھرپارکر: لڑکی نے مبینہ اجتماعی زیادتی کے بعد خود کشی کر لی
اُدھر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور کے علاقے نولکھا میں لڑکی سے اجتماعی زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے۔ سی سی پی او لاہور عمر شیخ سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے واقعہ میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کا حکم دیدیا۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ملزمان کو قانون کی گرفت میں لا کر انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں متاثرہ لڑکی کو انصاف کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ زیادتی کے واقعات میں ملوث ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں۔