ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں ڈاکو سوہن حلوے کی دکان سے نقدی، قیمتی سامان اور موبائل فونز لوٹ کر فرار ہو گئے، جاتے ہوئے سی سی ٹی وی فوٹیج پولیس کو دینے پر جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دے گئے، واقعے کی سی سی ٹی وی دنیا نیوز کو موصول ہو گئی۔
خانیوال روڈ پر سوہن حلوہ کی دکان پر ماسک اور نقاب لگائے ڈاکووں نے اسلحے کے زور پر دکانداروں کو یرغمال بنایا اور دکان سے تین موبائل فونز سمیت ہزاروں روپے اور دیگر قیمتی سامان لوٹ لیا، جاتے ہوئے ڈاکو دکانداروں کو دھمکی دے گئے کہ اگر سی سی ٹی وی فوٹیج یا واقعے کی اطلاع پولیس کو دی تو آکر فائر مار دیں گے۔
واقعے کی فوٹیج دنیا نیوز نے حاصل کر لی ہے جس میں ڈاکوؤں کو ڈکیتی کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ پولیس نے دکانداروں کی درخواست پر واردات کا مقدمہ درج کر لیا ہے لیکن تاحال ڈاکوؤں کو ٹریس نہیں کیا جا سکا۔