لاہور: (دنیا نیوز) لاہورکے علاقے نواں کوٹ میں پب جی سٹائل میں فائرنگ کرنیوالے ملزم نے اعتراف جرم کر لیا، عدالت نے ملزم رانا بلال کا 9 اپریل تک جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا ہے۔
لاہور میں پب جی سٹائل میں فائرنگ کر کے چار افراد کو قتل کرنے کے ملزم رانا بلال کو عدالت پیش کیا گیا، دوران سماعت ملزم نے اقبال جرم کر لیا۔ عدالت نے استفسار کیا کہ تم نے شریف لوگوں کا قتل کیوں کیا۔ ملزم کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا سٹار ہوں، میرے ساتھ دھوکہ ہوا جس پر میں نے قتل کر دیا۔ عدالت نے ملزم کا 9 اپریل تک جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا ہے۔
واضح رہے کہ ملزم نے فائرنگ کر کے بہن ماریہ، بھابھی عظمیٰ نیلم اور محلے دار سمیت 4 افراد کو قتل کر دیا تھا۔ اس کے خلاف تھانہ نواں کوٹ میں قتل سمیت چار دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔