کراچی: فینسی نمبر پلیٹ گاڑی روکنے پر پولیس اہلکار پر تشدد، خاتون سمیت 4 افراد گرفتار

Published On 03 June,2021 08:57 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے شارع فیصل پر فینسی نمبر پلیٹ گاڑی کو روکنے پر شہریوں کا پولیس اہلکار پر تشدد، پولیس نے خاتون سمیت 4 افراد کو گرفتار کرلیا۔ ادھر عیسیٰ نگری میں ٹرک ڈرائیور نے چالان پر طیش میں آکر ڈرائیور کو ٹکر مار دی، معجزانہ طور پر اہلکار محفوظ رہا۔

تفصیل کے مطابق کراچی کے علاقے شارع فیصل پر فینسی نمبر پلیٹ پر کار سوار کو روکنے پر شہری آپے سے باہر ہو گیا۔ خاتون سمیت 4 افراد نے اہلکار کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ پولیس حکام کے مطابق تین افراد نے پولیس اہلکار کو تشدد کیا جبکہ خاتون بھی اس عمل میں ملوث رہی۔

ٹریفک پولیس کی چوکی پر بھی ہنگامہ آرائی بھی کی گئی۔ فینسی نمبر پلیٹ اتارنے پر شہری آپے سے باہر ہوئے۔ تشدد میں ملوث خاتون سمیت 4 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

دوسری جانب عیسیٰ نگری میں ٹرک ڈرائیور کا چالان کرنے پر ٹریفک پولیس اہلکار کو جان کے لالے پڑ گئے۔ اہلکار نے تیز رفتار ٹرک ڈرائیور کا چالان کرنا چاہا تو دوسرے ٹرک ڈرائیور نے طیش میں آکر اہلکار کو ٹکر مار دی۔

ٹرک کی ٹکر سے پولیس اہلکار معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔ ٹرک چڑھ جانے سے پولیس اہلکار کی سرکاری موٹر سائیکل کو نقصان پہنچا۔
 

Advertisement