کراچی: جرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائی، زخمی ڈاکو سمیت 4 ٹارگٹ کلرز گرفتار

Published On 12 July,2021 04:03 pm

کراچی: (دنیا نیوز) مختلف علاقوں میں پولیس کی جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی کے دوران زخمی ڈاکو سمیت چار ٹارگٹ کلرز گرفتار کرلئے گئے۔

ضلع کیماڑی پولیس نے بڑی کاروائی کرکے لیاری گینگ وار کے 4 ٹارگٹ کلر میوہ شاہ قبرستان سے گرفتار کرلئے، پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضہ سے چار ہینڈ گرنیڈ، تین SMG آٹومیٹک کلاشنکوف اور ایک 9mm پستول بمعہ راؤنڈ برآمد کرلی گئی ہے۔

دوران تفتیش مکزمان نے قتل و غارت گری، بھتہ خوری، ڈکیتی و سٹریٹ کرائم جیسے سنگین جرائم کا انکشاف کیا ہے۔ ملزم الیان بلوچ نے گزشتہ ماہ الطاف عرف انو بھائی نامی شخص کو قتل کرنے کا بھی اعتراف کیا جبکہ الطاف عرف انو بھائی کے قتل میں استعمال ہونے والا آلہ قتل (9mm پستول) برآمد کر لیا گیا ہے۔

دوسری جانب کورنگی میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ ملزم کے دو ساتھی جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے۔
 

Advertisement