کراچی: رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 2 ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا

Published On 13 July,2021 11:41 am

کراچی: (دنیا نیوز) رینجرز اور پولیس نے کراچی کے علاقے سائٹ میٹروول میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 2 ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان رینجرز کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق رینجرز اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کراچی کے علاقے سائیٹ میٹروول میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے انتہائی مطلوب ڈکیت گروپ خیالو کے 2 ملزمان خلیل احمد افغانی عرف خیالو اور حیات اللہ افغانی عرف فریادی کو گرفتار کر لیا، ملزمان کا تعلق افغانستان سے ہے اور کراچی میں رہائش پذیر ہیں۔

ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، ایمونیشن اور منشیات بھی برآمد کی گئی ہے، دوران تفتیش ملزمان نے کراچی کے مختلف علا قوں میں ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم اور منشیات فروشی میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔ ملزمان نے مورخہ 5 جون 2021 کو میٹروول کے علاقے میں موبائل شاپ میں ڈکیتی کی واردات کا اعتراف کیا ہے۔ ملزمان کو سی سی ٹی وی ویڈیو میں ڈکیتی کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، گرفتار ملزمان کو بمعہ اسلحہ، ایمو نیشن اور منشیات مزید قانونی کاروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔