پشاور:(دنیا نیوز)امریکی لڑکی کو جنسی ہراساں کرنےکے کیس کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے جس کے مطابق ملزم نےغیر قانونی طور پر امریکی لڑکی کے اکاؤنٹ تک رسائی کا اعتراف کرلیا۔
وفاقی تحقیقاتی ادارہ(ایف آئی اے ) نے امریکی لڑکی کو جنسی ہراساں کرنے کے کیس میں گرفتار ملزم انس خان کی تحقیقات میں پیش رفت کر لی
سرکل انچارچ ایف آئی اے سائبر کرام طاہر خان کے مطابق ملزم انس خان بی بی اے کا طالب علم ہے جبکہ ملزم نےغیر قانونی طور پر امریکی لڑکی کے اکاؤنٹ تک رسائی کا اعتراف کیا ہے۔
طاہر خان کے مطابق ملزم کا کہنا تھا کہ دو ماہ کے دوران 3 امریکی لڑکیوں کے اکاؤنٹ ہیک کیے ،پاسورڈ اور تصاویر لڑکیوں نے خود دی تھیں ۔
ملزم انس خان نے اعتراف کیا کہ 18 سال سے زائد عمرکی لڑکیوں کے ساتھ سنیپ چیٹ کرتا ہوں ،انسٹاگرام کے ذریعے سنیپ چیٹ کے لیے اکاؤنٹ پاسورڈ مانگتا تھا۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم کے موبائل فون سے ملنے والا ڈیٹا فرانزک کے لیے بھیج دیا گیا ہے جبکہ ملزم تصاویر لیکر لڑکی کو بلیک میل کرتا تھا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روزپشاور کے علاقے حیات آباد میں ایف آئی اے نے کارروائی کےدوران ملزم کو گرفتار کیا تھا جبکہ یہ گرفتاری امریکی ایجنسی ایف بی آئی کی درخواست پر کی گئی تھی۔